اسلام آباد ۔ 20 نومبر (اے پی پی) وفاقی سیکریٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی ہدایت پر چیف فنانس اینڈ اکاﺅنٹس افسر مواصلات ڈویژن فخر الزمان علی چیمہ کی سربراہی میں وزارت مواصلات اور اس سے منسلک محکموں کے داخلی حسابات کی جانچ پڑتال کے لئے انٹرنل آڈٹ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے تاکہ حکومت کی شفافیت اور بچت کی پالیسی پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو وزارت مواصلات میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں وزارت مواصلات کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے وژن پر عمل درآمد کو آگے بڑھاتے ہوئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور وزارت اور اس سے منسلک محکموں کے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے انٹرنل آڈٹ ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔