اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):خواتین کے جائیداد کے حقوق کے تحفظ کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت (فوسپاہ) فوزیہ وقار نے ملیحہ محبوب حیدر کو ان کے سابق شوہر ڈاکٹر شیراز احمد چیمہ کے خلاف دائر شکایت پر 50 فیصد جائیداد کی ملکیت منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ منگل کو فوسپاہ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملیحہ حیدر نے علیحدگی کے بعد فوسپاہ سے رجوع کیا تھا تاکہ مشترکہ جائیدادوں کی منصفانہ تقسیم کو ممکن بنایا جا سکے۔
کیس اور جائیدادوں کی قیمت کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وفاقی محتسب نے ملیحہ حیدر کے حق میں فیصلہ دیا اور انصاف و مساوات کے اصولوں کے تحت انہیں برابر یعنی 50 فیصد حصہ دینے کا حکم جاری کیا۔یہ کیس اس امر کی واضح مثال ہے کہ فوسپاہ خواتین کے حقوق، خاص طور پر جائیداد اور علیحدگی کے بعد کے انصاف کے معاملات میں اپنے عزم پر قائم ہے۔ یہ فیصلہ ان بے شمار خواتین کے لئے امید اور طاقت کا پیغام ہے جو ایسے ہی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582266