وفاقی وزارت انسانی حقوق کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

72

کوئٹہ۔11دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل، یواین ڈی پی کے صوبائی سربراہ ذوالفقار درانی اور سابق رکن بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے آئین پاکستان کے تحت 13 آرٹیکلز پر عملدرآمد انتہائی ضروری ہے، صرف تقریروں سے بڑھ کر عہد کرنا ہوگا کہ انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کردار ادا کریں، وفاقی وزارت انسانی حقوق ریجنل آفس کی کاوشوں کو سراہتے ہیں جو انسانی حقوق کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کررہاہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزارت انسانی حقوق کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، پروفیسرز، غیر سرکاری تنظیموں کے سربراہان اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسی خیل نے کہا کہ انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے 13 آرٹیکلز پر عملدرآمد انتہائی ضروری ہے، بلوچستان اسمبلی نے مختلف حوالوں سے قانون سازی کی ہے مگرقانون سازی کافی نہیں اس کی عملداری کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سے گزارش ہے کہ وہ مثبت پہلو کو بھی سامنے لائے تاہم صوبے میں انسانی حقوق کی فراہمی کے حوالے سے درپیش مشکلات کو بھی عیاں کرے، آج کے دور میں بھی خواتین کو جن مشکلات کا سامنا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔ سب کو معاشرے میں مثبت رویے اختیار کرنا چاہیں، سردار بابر موسی خیل نے کہا کہ ہر فورم پر کہتا ہوں ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، ایسے پروگرامز میں طلباءکی موجودگی انتہائی سازگار ہوگی، اس موقع پر اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقیاتی پروگرام ذولفقار درانی نے کہا کہ صرف تقریروں سے بڑھ کر عہد کرنا ہوگا کہ انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر کردار ادا کریں،وفاقی وزارت انسانی حقوق کی کاوشوں کو سراہتے ہیں جو شہریوں کے بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے اپنا کردار ادا کررہاہے۔ اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق نے کہا کہ ہر شخص کو انفرادی طور پر تہیہ کرنا ہوگا کہ ہم سب کو معاشرے میں بنیادی حقوق کی فراہمی کیلئے کردار ادا کرنا ہے۔ گزشتہ دور اسمبلی میں کم عمر بچوں کی شادیوں کے حوالے سے بل اسمبلی میں لائے جس کی وجہ بلوچستان میں شرح اموات کا سب سے زیادہ ہونا ہے۔ہم چاہتے تھے کہ اسمبلی قانون سازی کرے مگر کسی نے کان نہ دھرا۔ ایسی قانون سازی آج نہ ہوئی تو آنے والی نسلیں اس کا خمیازہ بھگتیں گی۔ا نہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے دلچسپی نہیں لی۔ڈائریکٹر انسانی حقوق کا عالمی دن کی مناسبت سے شاندار تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتی ہوں۔ تقریب کے دوران ڈائریکٹر ہیومن رائٹس ریجنل ڈائریکٹریٹ دانیال سرور خان نے ادارے کی کارکردگی اور موجودہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالعلی، پروفیسر فائزہ میر، بہرام لہڑی، وطن یار خلجی و دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا، تقریب کے اختتام پر مہمانوں میں شیلڈز اور شرکائ کو سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا۔