وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا سعودی عرب کے ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کا دورہ

167

ریاض۔18دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نےمختلف شعبے دیکھے اور کال سنٹر کا بھی معائنہ کیا

وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ میں جدید کال سنٹر کے قیام کو سراہا۔سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل ڈاکٹر صالح ال مرا با نے وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ وزیر داخلہ نےڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ میں ایڈوانس ٹیکنالوجی کا جائزہ لیا اور پاسپورٹ کے جدید نظام کی تعریف کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی سے ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل ڈاکٹر صالح ال مرابا نے ملاقات کی جس میں پاسپورٹ کی وصولی سے اجراء تک کا نظام سہل بنانے اور جعلسازی کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ای گیٹس پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی ۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں پاسپورٹ نظام کو مزید آسان اور فول پروف بنانے کے لیے سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کی معاونت سودمند ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون سے عوام کو سہولت ملے گی اور دھوکہ دہی سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے کال سنٹر کی طرز پر پاکستان میں بھی کال سنٹر بنایا جائے گا۔ سعودی عرب کے تعاون سے پاسپورٹ میں جعلسازی و کاغذات میں ردوبدل کرنے والوں کو پاکستان میں ہی پکڑا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاسپورٹ میں ردوبدل و جعلی کاغذات پر سعودی عرب جانے والے 3700 پاکستانیوں کو سعودی حکام نے اپنے ایئر پورٹس پر پکڑا تھا۔