وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی چینی ہم منصب ملاقات، پاک چین تعلقات ، سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

170

نیویارک۔27جون (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب کیوآئی یانجن سے اہم ملاقات کی جس میں پاک چین تعلقات اور سکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔یہ ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ میں چینی مشن کے دفتر میں ہوئی ۔ملاقات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور چین کے تعاون،ٹریننگ اور جدید آلات و ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے بھی گفتگو ہوئی۔پیپلز ری پبلک آف چائنا کے ہم منصب کیوائی یانجن نےاسلام آباد میں غیر ملکیوں خصوصاچینی شہریوں کی حفاظت کے لئے ایس پی یو کے قیام کے اقدام کو سراہا۔

کیوآئی یانجن نے ایس پی یو کی ٹریننگ اور دیگر امور میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین ہر موسم کے دوست ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔چین پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹریننگ و استعدادکار بڑھانے کے لئے بھرپور تعاون کرے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے داسو میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ چینی وزیر داخلہ نے کیس پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداروں نے محنت اور پروفیشنل انداز میں اس کیس کو ٹریس کیا۔ پیپلز ری پبلک آف چائنا کے ہم منصب نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ستمبر میں چین میں ہونے والی گلوبل سکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت دی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گلوبل سکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت قبول کی اور کیوآئی یانجن کا شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ان کا کہنا تھا کہ چین کی وزارت داخلہ کا ایڈوائزی گروپ جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔چین سے دوستی پر ہم سب کو فخر ہے۔پاک چین دوستی اقوام عالم کے لیے مثال ہے۔ چینی شہریوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور چینی ہم منصب کیوآئی یانجن چوتھی یو این کوپ کانفرنس میں شرکت کے لئے نیویارک میں موجود ہیں