وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی اور آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن کی الگ الگ ملاقاتیں

160

اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی اور آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں دونوں ملکوں سے پاکستان کے دو طرفہ تعلقات اور مختلف امور میںجاری باہمی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ دونوں سفیروں کی جانب سے سانحہ کوئٹہ کی بھرپور مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا گیا۔وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق جمعہ کو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے ملاقات کی ۔جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستانی عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں امن کے لئے پاکستانی کوششوں کو سراہتا ہے‘ ملاقات میں پاک جاپان دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا ۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس موقع پر کہا کہ سیکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی استعدادِ کار بڑھانے اور دونوں ملکوں کے مابین انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے کا موثر نظام رائج کرنے کے حوالے سے مزید کوششوں اور اقدامات کی ضرورت ہے۔