وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

65

اسلام آباد ۔ 18 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ خواتین سے زیادتی کے کیسز کی روک تھام کیلئے سخت سزاﺅں کے ساتھ ادارہ جاتی اصلاحات کی ضرورت ہے، ایسے ملزمان کیلئے سخت قوانین بنانے پڑیں گے تاکہ دوبارہ کوئی بھی ایسا جرم نہ کر سکے۔ جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنسی زیادتی جیسے واقعات کو روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے اور ایسے کیسز کیلئے پولیس اسٹیشنز میں الگ پورشن ہونے چاہییں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ خواتین آفیسرز کو اجتماعی زیادتی جیسے کیسز کی تحقیقات کرنی چاہیے اور اس کے علاوہ خصوصی عدالتیں بھی قائم ہونی چاہئیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے سرعام پھانسی پر پابندی عائد کردی تو ہمیں جائزہ اپیل کے لئے جانا چاہیے۔ انہوں نے ملک کے تمام علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ سخت سزا کے بل پر شریعت کی روشنی میں ہماری رہنمائی کریں۔