وفاقی وزیراطلاعات مرتضی سولنگی کی شنگھائی تعاون تنظیم کےٹیلی وژن فیسٹول میں شرکت،چینی وزیر برائے نیشنل ریڈیو و ٹیلی ویژن ثائو شومی سے ملاقات

وفاقی وزیراطلاعات مرتضی سولنگی

نانجنگ ۔25ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے پیر کو چین کے شہر نانجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے زیر اہتمام ٹیلی وژن فیسٹول 2023ء میں شرکت کی۔

فیسٹول کے موقع پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات سے چین کے وزیر برائے نیشنل ریڈیو اور ٹیلی وژن ثائو شومی نے ملاقات کی۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے ٹیلی وژن فیسٹول کے انعقاد پر چینی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزراء نے ریڈیو اور ٹیلی وژن کی صنعت میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین میڈیا ٹیکنالوجی کی جدت اور صحافیوں کے تبادلہ کو فروغ دینے کا بھی اعادہ کیا گیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے پی ٹی وی پر chinese hour کے آغاز کی تجویز پیش کی اور چینی ذرائع ابلاغ کی پاکستان میں سرگرمیوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔