وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر اظہار افسوس

98

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے اپنے ملک کے عوام کے لئے باوقار زندگی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا، ان کے دور میں متحدہ عرب امارات نے تیز رفتار ترقی کی، مرحوم نے اپنے ملک کے لئے پہلا اسٹریٹجک منصوبہ بنایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان عالم اسلام میں ایک مضبوط آواز رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے شاہی خاندان اور عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ (آمین)