وفاقی وزیر اطلاعات نے صحافی اعظم چوہدری کے حوالے سے شائع خبر کی تردید کر دی …. اعظم چوہدری پی ٹی وی کا ملازم نہیں، وہ پی ٹی وی کے تجزیہ کاروں کے پول کے رکن ہیں، انہیں ہٹایا نہیں گیا اور نہ چھوڑنے کا کہا گیا، مریم اورنگزیب

218
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے صحافی اعظم چوہدری کے حوالے سے ”فرائیڈے ٹائمز“ میں شائع ہونے والی خبر کو غلط اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اعظم چوہدری پی ٹی وی کا ملازم نہیں اور نہ ہی کبھی پی ٹی وی کا ملازم رہا ہے، یہ پی ٹی وی کے مسائل پر مبنی تجزیہ کاروں کے پول کا صرف ایک رکن ہے، انہیں اس پول سے ہٹایا نہیں گیا اور نہ ہی انہیں چھوڑنے کے لئے کہا گیا ہے، ان سے اس قسم کی کوئی بات نہیں ہوئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں ریکارڈ کی درستگی کے لئے چند حقائق پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس صحافی کے خیالات اور آراءسے آگاہ ہونے کے باوجود اسے پریس کانفرنس میں مدعو کیا، اگر حکومت اس کی آواز یا سوال کو دبانا چاہتی تو اسے مدعو نہ کیا جاتا اور اسے سوال پوچھنے کا موقع نہ دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس صحافی کے سوال کا تفصیل سے جواب دیا۔ میں نے بھی ان کے سوال کا جواب دیا۔ وزیراعظم نے اس روز گورنر ہائوس لاہور کے کمرے میں مختلف رپورٹرز کے سوالات کا جواب دینے میں کافی وقت گذارا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پچھلی پی ٹی آئی حکومت اور اس کے فاشسٹ وزیراعظم جنہیں رپورٹرز ود آئوٹ بارڈرز (آر ایس ایف) نے ”پریس فریڈم پریڈیٹر“ قرار دیا تھا، کے برعکس وزیراعظم شہباز شریف اور موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی پر کامل یقین رکھتی ہے۔