اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز سے پنجاب اسمبلی کی خواتین اراکین کے وفد کی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات کے ہمراہ سینیٹ میں چیف وہپ سینیٹر سجاد حسین طوری بھی موجود تھے۔ اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراطلاعات کو آ گاہ کیا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور آگاہی ان کے دورے کا مرکزی مقصد ہے۔چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد نے بچوں کے تحفظ کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بچے ہمار ا مستقبل ہیں، ان کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور مظالم کے نتائج انتہائی بھیانک ہوتے ہیں، بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ نے موثر قانون سازی کی ہے اور صوبائی سطح پر بھی بچوں کو تحفظ دینے کی خاطر مختلف اقدامات اٹھائے گئے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ اس امر کی ضرورت ہے کہ موجود قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ قوانین کا مل کر جائزہ لیا جائے تاکہ جہاں پر سقم نظر آئے اسے دور کیا جا سکے، بدلتے وقت اور حالات کے ساتھ ضروری ہے کہ قانون سازی کو بھی مزید بہتر کیا جائے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بحث مباحثوں اور ملاقاتوں کا یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ ہمیں مسائل سے آگاہی ہو اور وفاقی وصوبائی سطح پر لاگو قوانین پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر سے استفادہ کیا جا سکے۔ وفد نے بچوں کے تحفظ کے لیے ادارہ جاتی تعاون،قانون سازی کو مزید بہتر کرنے اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے سخت سے سخت سے قانون سازی پر زور دیا۔ وفد نے سینیٹ میوزیم کا دورہ بھی کیا۔