وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا جہلم کے نواحی علاقے فتح پور میں ورکرز کنونشن سے خطاب

133
APP38-18 JHELUM: November 18 – Federal Minister for Information and Broadcasting, Chaudhry Fawad Hussain addressing workers convention at Fateh Pur. APP

جہلم۔18 نومبر(اے پی پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ کوئی نہ پوچھے کہ 10 سال میں اربوں روپے کہاں گئے، جب کرپشن کی طرف توجہ دلاﺅ اور ڈاکوﺅں کو نہ چھوڑنے کی بات کرو تو اپوزیشن واک آﺅٹ کر جاتی ہے، جو کل تک سائیکل پر سفر کرتے تھے وہ آج آج بڑی بڑی گاڑیوں میں گھوم رہے ہیں،کھربوں کا حساب مانگنے پر جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے، عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں اور حکمران میٹرو بناتے رہے،ہمارے تعلیمی اداروں میں بچوں کو انگریزی پڑھانے والا استاد نہیں جبکہ سابق حکمرانوں کے بچے لندن اور امریکہ میں پڑھ رہے ہیں،جن لوگوں نے خزانہ خالی کیا ان سے پیسے واپس لائیں گے،ملک کو فلاحی ریاست بنانے کے لئے وسائل کی منصفانہ تقسیم کرنا ہو گی، ایسا نظام بنائیں گے کہ سرکاری پیسہ عام آدمی کی مرضی سے استعمال ہو سکے، ہماری عزت عوام سے ہے اور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو جہلم کے نواحی علاقے فتح پور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف، ایم پی اے راجہ یاور کمال، ایم پی اے ثمرینہ جاوید اور راجہ منور نے بھی اس موقع پر ورکروں سے خطاب کیا۔ وزیر اطلاعات نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کو فلاحی ریاست بنانے کیلئے وسائل کی منصفانہ تقسیم کرنا ہو گی، عوام کو پینے کا پانی میسر نہیں اور حکمران میٹرو بناتے رہے، جہلم میں ہزاروں سال پرانی تاریخ کے امین لوگ ہیں اور وہ اپنا حق مانگ رہے ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان علاقوں کی ترقی کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال جہلم سے اربوں روپے قومی خزانے میں جاتے ہیں لیکن فنڈز لاہور پر خرچ کئے جاتے رہے، لاہور، کراچی اور اسلام آباد ہمارے شہر ہیں تو جہلم اور ڈومیلی بھی ہمارے شہر ہیں۔