جہلم ۔ 31دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ڈپٹی کمشنر جہلم کے دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ ضلع بھر کی چار تحصیلوں میں صحت، تعلیم اور ڈویلپمنٹ کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے صحت و تعلیم کے تمام جاری منصوبوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ڈی ایچ کیو جہلم میں ڈاکٹرز کی کمی کو جلد پورا کیا جائے گا جبکہ آر ایچ سی دینہ کو اپ گریڈ کرتے ہوئے ٹی ایچ کیو لیول کا معیاری ہسپتال بھی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینہ آبادی کے اعتبار سے بڑا شہر ہے اور ٹی ایچ کیو ہسپتال وقت کی ضرورت کے مطابق تعمیر کیا جائے گا، اس ضمن میں محکمہ صحت پنجاب سے معاونت حاصل کرنے کے لئے ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال کام کر رہے ہیں