وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا کشمیر کانفرنس سے خطاب

128
APP34-01 ISLAMABAD: February 01 – Federal Minister for Information and Broadcasting, Chaudhry Fawad Hussain addressing at Kashmir Conference. APP photo by Irfan Mahmood

اسلام آباد ۔ یکم فروری(اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد کی ماضی میں بھی حمایت کرتا رہا ہے اور مستقبل میں بھی جاری رکھے گا اور یہ حمایت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت کی منزل حاصل نہیں ہو جاتی، کشمیر پر بھارتی رویے کی پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے، عمر فاروق اور محبوبہ مفتی بھی کہنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ کشمیر کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان قائد میں نظریہ پاکستان کونسل اور پاکستان آبزرور کے اشتراک سے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد نسلوں کی جدوجہد ہے، جس طرح کشمیر میں نسلوں کی جدوجہد ہے اسی طرح پاکستان میں بھی ہماری کشمیریوں کیلئے جدوجہد نسلوں سے ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ ہمارا کشمیر کے ساتھ تعلق زمین کا نہیں بلکہ لہو اور روح کا تعلق ہے، ہمارا بھی لہو کشمیریوں کے ساتھ بہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بنیادی نقطہ نظر کا فرق ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ بھارت ہر کشمیری پر ایک فوجی مسلط کر دے اور ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے اور بھارت کہے کہ کسی کو پتہ نہیں چلے گا، کشمیری عوام کے دل پاکستان کیلئے دھڑکتے ہیں اور اب کشمیر کے اندر عمر فاروق اور محبوبہ مفتی سمیت پوری قیادت کہنے پر مجبور ہے کہ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیر کاز کے ساتھ مخلص ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن بھارت کی سوچ سب سے بڑی رکاوٹ بنتی ہے اور وہ کشمیریوں کو ہر حال میں غلام رکھنا چاہتا ہے لیکن ظلم کی کوئی نہ کوئی حد ضرور ہوتی ہے جب ظلم بڑھتا ہے تو ختم ہو جاتا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کی ماضی میں بھی حمایت کرتا رہا ہے اور مستقبل میں بھی حمایت جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کی یہ حمایت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیری عوام حق خودارادیت کی منزل نہیں پا لیتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دامے، درمے، سخنے کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کشمیری کانفرنس میں مراکش، ملائیشیا، ترکی اور آذربائیجان کے سفراء اور کشمیری قیادت نے بھی شرکت کی۔