وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام "ہائبرڈ وار فیئر اینڈ پاکستان ریڈی نیس” کے موضوع پر میڈیا ورکشاپ سے خطاب

185
APP04-27 ISLAMABAD: March 27 – Chaudhry Fawad Hussain, Federal Minister for Information and Broadcasting addressing one day media workshop on “Hybrid Warfare and Pakistan’s Readiness: time for national narrative construct and strategic foresight”. APP

اسلام آباد ۔ 27 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے لئے پلوامہ وہ پہلا ٹیسٹ کیس تھا جس میں بھارت کو "آﺅٹ کلاس” کیا گیا ، حکومت اور پاک فوج کی مربوط کوششوں کے باعث پہلی مرتبہ بھارت کو عالمی رائے عامہ میں تنہا ہونا پڑا، وزیراعظم عمران خان شروع سے ہی امن اور بات چیت پر زور دیتے رہے، پوری دنیا نے یہ تسلیم کیا کہ پاکستان کا بیانیہ درست اور بھارت کا بیانیہ غلط ہے، پہلے ادوار میں وزارت اطلاعات و نشریات حکمران جماعت کی ترجمان تھی، پہلی مرتبہ وزارت اطلاعات و نشریات کو” سٹیٹ ٹول ” بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، پاکستان کو "سکیورٹی سٹیٹ” کی بجائے دنیا کے لئے” اوپن سٹیٹ ” بنا دیا ہے ، ویزہ رجیم مکمل طور پر تبدیل، غیر ملکی سیاحوں کے لئے این او سی کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے، رواں سال ریاستی میڈیا میں اصلاحات کا عمل مکمل کر لیا جائے گا، ہائبرڈ وار فیئر جدید دور کے پراپیگنڈے کا نام ہے، بین الاقوامی میڈیا کو اسلام آباد واپس لانے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، غیر ملکی میڈیا کو مکمل سہولیات دی جائیں گی۔وہ بدھ کو اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی ) کے زیر اہتمام "ہائبرڈ وار فیئر اینڈ پاکستان ریڈی نیس” کے موضوع پر ایک روزہ میڈیا ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلا ت و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ دنیا بھر کے میڈیا میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے، میڈیا ٹیکنالوجی میں ہائبرڈ وار فیئر جدید پراپیگنڈے کا نام ہے ،جدید دور کی جنگیں بھی میڈیا کے ذریعے لڑی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں اس وقت ہائبرڈ وار فیئر کے دو جزوآئیڈیاز اور پریزنٹیشن ہیں ،آئیڈیاز اچھے نہ ہوں لیکن پریزینٹیشن اچھی ہو تو اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان گذشتہ کئی سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے لیکن بین الاقوامی سطح پر کوئی ایسی کتاب شائع نہیں ہوئی جو ہمارے بیانیے کو پیش کرتی ہو ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دوسری قوموں پر اپنے نظریات مسلط کرنے کا رجحان ہے، اپنے بیانیے کو دوسروں تک پہنچانے کیلئے میڈیا کا سہارا لیا جاتا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان کو عالمی میڈیا کیلئے اپنے دروازے کھولنے کی ضرورت ہے، چاہتے ہیں عالمی میڈیا پاکستان آئے اور اصل تصویر دنیا کے سامنے پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجود حکومت نے بین الاقوامی میڈیا کو پاکستان الانے کے لئے اقدامات اٹھانے شروع کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے اسلام آباد میں بین الاقوامی میڈیا کے دفاتر کا قیام شروع ہو چکا ہے ،آنے والے دنوں میں دیگر بین الاقوامی میڈیا بھی اسلام آباد کا رخ کرے گا ،اسلام آباد ایک خوبصورت اور پرکشش ترین مقام ہے، یہاں پر عالمی میڈیا بیٹھ کر پاکستان کی تصویر بہتر انداز سے دنیا کے سامنے رکھ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں بین الاقوامی میڈیا کو ایک سائیڈ پر کر دیا گیا جس کے بعد عالمی میڈیا نے دہلی کا رخ کر لیا ، بین الاقوامی میڈیا دہلی میں بیٹھ کر کیسے پاکستان کی اصل تصویر دنیا کے سامنے رکھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں حکومت کا کوئی بیانیہ نہیں تھا، ماضی میں پاکستان دہشتگردی کے خلاف اپنا بیانیہ موثر طور پر نہیں پیش کر سکا اسی وجہ سے بھارت نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشتگردی قرار دینے کی کوشش کی لیکن موجودہ حکومت کی مو¿ثر پالیسیوں سے بھارت کو پلوامہ واقعہ پر عالمی تنہائی کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ثابت کیا کہ پلوامہ واقعہ کو مودی نے انتخابی کامیابی کیلئے استعمال کیا، موجودہ صورتحال میں ہم نے عالمی میڈیا کو استعمال کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنا پیغام پہنچانے کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کیا، پی ٹی آئی کا موثر طریقے سے اپنا پیغام پہنچانا مضبوط نظریے کی وجہ سے ممکن ہوا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت اے پی پی کو 85کروڑ ، پی ٹی وی کو 13ارب اور ریڈیو پاکستان کو 6 ارب روپے سالانہ بجٹ فراہم کر رہے ہیں ، پہلی مرتبہ ریاستی میڈیا پر سنسر شپ ختم کی گئی اور اپوزیشن کو بھی مساوی وقت دیا جارہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ رواں سال میں ریاستی میڈیا میں اصلاحات مکمل کر کے ریاستی میڈیا کو جدید ترین میڈیا بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا نظریہ مضبوط ہے جس کی وجہ سے مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں، اپنا بیانیہ موثر انداز میں پیش کرنے کیلئے میڈیا اصلاحات ضروری ہیں۔بعد ازاں قومی خبر رساں ادارے ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پی ٹی وی کے ایم ڈی کے معاملے کا کابینہ نے نوٹس لے لیا ہے ،آئندہ ہفتے مستقل ایم ڈی لگا دیا جائے گا۔