وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر کا بیان

109

اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ 2 نومبر کو عوام عمران خان کے مجوزہ دھرنا و احتجاج کو رد کرکے اُن کی سیاست کے باب کو ہمیشہ ہمیشہ کےلئے بند کردیں گے۔ پیر کو اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ آئے دن دھرنوں کے اعلان نے عام آدمی اور خصوصی طورپر کاروباری طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور اُن کے کاروبار کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کا دھرنا اور احتجاج درحقیقت ملک کی مستحکم ہوتی معیشت کے خلاف ایک سازش ہے تا کہ پاکستا ن کو خوشحالی کے راستے کے بجائے اندھیروں کی طرف دھکیل دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر بھارتی جارحیت شدت سے جاری ہے ،ایسے حالات میں عمران خان کا احتجاج ملک دُشمنی سے کم نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام مودی اور عمران خان کو ایک سکے کے دو رخ گردانے پر مجبور ہو گئے ہیںکیونکہ مودی پاکستان کو بیرونی ذرائع سے غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ہے اور عمران خان ملک کو اندرونی طورپر کمزور کرنے کی کوششیں کررہے ہیں ۔