وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر

117

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت کے ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کا سلسلہ بند کرے اور انسانی حقوق کی پاسداری کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے اور آئے دن کشمیری قیادت کو گرفتار کرنے اور نظر بند کرنے سے تحریک آزادی کشمیر کو ختم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن تحریک آزادی کشمیر میں مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی جارحیت کے خلاف پرزور احتجاج اور پاکستان سے والہانہ وابستگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جس دن مقبوضہ کشمیر کے گلی کونوں میں پاکستانی پرچم نہیں لہرایا جاتا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر بامقصد مذاکرات کے بغیر بھارت سے تعلقات معمول پر نہیں آ سکتے اور خطے میں ایٹمی جنگ کے خطرات ہر وقت منڈلاتے رہیں گے۔