اسلام آباد۔23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں جرگہ سسٹم اور سول انتظامیہ کو مضبوط بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری امور کشمیر ظفر حسن،سپیشل سیکرٹری داخلہ دائود بڑیچ، سیکرٹری اوورسیز ، سابق چیف سیکرٹری شکیل درانی ، آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اور مختلف وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی
اجلاس کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی آئینی ترمیم کا کوئی نیا مسودہ تیار کر رہی ہے نہ سابق فاٹا کا انضمام ختم کیا جا رہا ہےاور نہ ہی ایف سی آر کی بحالی زیر غور ہے، اس حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔
کمیٹی کا اصل مقصد ضم شدہ اضلاع کے عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی،ان کی ترقی و خوشحالی اور ان کی شرکت کو یقینی بنانے سے متعلق سفارشات مرتب کرنا ہے چونکہ ضم شدہ اضلاع صوبہ خیبرپختونخوا کا حصہ ہیں، اس لئے یہ سفارشات صوبائی حکومت کو ارسال کی جائیں گی تاکہ ضم شدہ اضلاع کو دیگر علاقوں کے برابر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔