وفاقی وزیر بجلی و پٹرولیم عمر ایوب خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بجلی شہزاد سیّد قاسم سے سیّد فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں سندھ اسمبلی کے ارکان کی ملاقات

90
موجودہ حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، وفاقی وزیرعمرایوب خان کا کانووکیشن سے خطاب

اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر بجلی و پٹرولیم عمر ایوب خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بجلی شہزاد سیّد قاسم سے سندھ سے تعلق رکھنے والے صوبائی اسمبلی کے ارکان نے صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیّد فردوس شمیم نقوی کی زیر قیادت ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری پاور ڈویژن عمر رسول، پیپکو اور پاور ڈویژن کے افسران نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی کو حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کپمنی اور سکھر الیکٹرک سپلائی کپمنی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ارکان صوبائی اسمبلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان دونوں کمپنیوں میں صارفین جس میں پرائیویٹ اور حکومت سندھ دونوں شامل ہیں، کے ذمہ قابل ادا بجلی کی مد میں رقم اس وقت حیسکو میں 89.90 ارب روپے جبکہ سیپکو میں یہ 130 ارب روپے ہے جس سے ان دونوں کمپنیوں کے مالی معاملات کافی گھمبیر ہو چکے ہیں۔ اسی طرح چوری اور بلوں کی عدم ادائیگیوں کی وجہ سے مجموعی لائن لاسز حیسکو میں 50.2 فیصد اور سیپکو میں 63.8 فیصد تک پہنچ چکے ہیں جبکہ پرائیوٹ بلوں سے ریکوری حیسکو میں 70 فیصداور سیپکو میں 56.8 فیصد ہیں جس کی وجہ سے غلط بلنگ، اووربلنگ اور دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ارکان کو یہ بھی بتایا گیا کہ پاور ڈویژن نے اب ان دونوں کمپنیوں میں صحیح بلنگ اور ٹارگٹڈ آپریشن شروع کرنا ہے جس سے شروع کے مہینوں میں لاسسز مزید بڑھنے کا قوی امکان ہے تاہم اس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ ارکان اسمبلی کو بتایا گیا کہ منیجنگ ڈائرکٹر پیپکو اور ان کی ٹیمیں خود ان دونوں کمپنیوں میں کھلی کچہریاں منعقد کریں گے تاکہ وہاں صارفین کے مسائل حل ہوں۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت کے کوشش ہے کہ ان دونوں کمپنیوں میں صنعتوں کیلئے خصوصی مراعات دی جائیں تاکہ نہ صرف بجلی کے ریونیو میں اضافہ ہو بلکہ وہاں روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں۔ وفاقی وزیر بجلی نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر اس سارے عمل میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ سندھ کے عوام کو بلا تعطل بجلی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔وفد میں شریک تمام ارکان اسمبلی نے اس موقع پر سندھ کے عوام کیلئے کی جانے والی ہر اقدام میں بھرپور ساتھ دینے کا اعادہ کیا۔ وفد میں ارکان سندھ اسمبلی سائرہ عمران، رابعہ اظفر، سیّد عمران علی شاہ، بلال غفاراور ریاض حیدر شامل تھے۔