وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات لیفٹیننٹ جنرل (ر)سید صلاح الدین ترمذی کا اے این ایف ہیڈکوارٹرز، راولپنڈی کا دورہ،یادگار شہداءپر پھول چڑھائے،فاتحہ خوانی کی
اسلام آباد ۔ 10 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سید صلاح الدین ترمذی نے اے این ایف ہیڈکوارٹر، راولپنڈی کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر کا وزارت انسداد منشیات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد اے این ایف ہیڈکوارٹرز، راولپنڈی کا پہلا دورہ تھا۔ ان کی آمد پر ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل مسرت نواز ملک ہلال امتیاز (ملٹری) اور اے این ایف کے اعلیٰ افسران نے ان کا استقبال کیا۔وفاقی وزیر نے یادگار شہداءپر پھول چڑھائے اورشہداءکے لئے فاتحہ پڑھی جنہوں نے فرائض کی ادائےدگی مےں اپنی جانوں کا نذرانہ پےش کےا۔ ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل مسرت نواز ملک ہلال امتیاز (ملٹری) نے وفاقی وزیر کو اے این ایف کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ، جس میں اے این ایف کی طرف سے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کی جانے والی کاوشیں، موجودہ صورتحال، اے این ایف کی پےشہ ورانہ کامیابیاں، درپیش مسائل اور منشیات، نشہ آور ادویات اورممنوعہ کےمےائی موادکی اسمگلنگ سے متعلق امور شامل تھے۔