اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے صوابی سمارٹ ویلج کا باضابطہ ورچوئل افتتاح کر دیا۔ گوکینہ اور سمبڑیال میں دو سمارٹ ویلجز کی کامیاب شروعات اور عملدرآمد کے بعد وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے ہواوے ٹیکنالوجیز اور انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے تعاون سے صوابی سمارٹ ویلج قائم کیا گیا ہے۔ ’’سمارٹ ویلج پاکستان‘‘ منصوبہ ملک کے دیہی اور دور دراز علاقوں کو ڈیجیٹل طور پر ترقی دینے کے لئے شروع کیا گیا ہے۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین اور ہواوے کے باہمی اشتراک سے یہ منصوبہ پاکستان میں دیہی و شہری ڈیجیٹل خلیج کو ختم کرنے کی ایک منفرد کوشش ہے۔صوابی سمارٹ ویلج دیہی علاقوں خاص طور پر خواتین اور کسانوں کی ڈیجیٹل ترقی کے لئے ایک نمونہ کے طور پر کام کرے گا ۔
اس منصوبے کے تحت جامع ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت فراہم کی جائے گی جن میں بنیادی ڈیجیٹل تعلیم، آن لائن مارکیٹنگ، ای-کامرس، ڈیجیٹل مالی شمولیت اور ڈیجیٹل زراعت شامل ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوابی سمارٹ ویلج منصوبہ ہماری ڈیجیٹل پاکستان کی جانب پیش قدمی میں ایک اہم سنگ میل ہے، یہ منصوبہ ہمارے اس عزم کو واضح کرتا ہے کہ ہم ڈیجیٹل خلا ء کو کم کریں گے اور کوئی بھی کمیونٹی پیچھے نہیں رہے گی۔
انہوں نے آئی ٹی یو اور ہواوے کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مدد سے پاکستان کا ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مضبوط ہوا ہے اور مختلف شعبوں میں جدت کو فروغ ملا ہے۔ وفاقی وزیر نے ملک میں فائیو جی ٹیکنالوجی اور ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اب ٹیکنالوجی ہر شعبے میں استعمال ہو رہی ہے جو جدید طرز حکمرانی اور ترقی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہ ہے کہ تعلیم اور صحت کی سہولیات دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک پہنچائی جائیں تاکہ ہر شہری ڈیجیٹل دور کے فوائد سے مستفید ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوابی ویلج تعلیم، صحت اور فنی تربیت کی فراہمی سے ترقی کا ماڈل بنے گا۔ ڈیجیٹل تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا ڈیجیٹل شناخت رکھنا نہایت اہم ہے۔
انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ قومی ترقی کے لئے یجیٹل شمولیت ضروری ہے تاکہ ہر شہری ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکے۔آئی ٹی یو ٹیلی کمیونیکیشن ڈویلپمنٹ بیورو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کوسمس لاکیسن زوازاوا نے کہا کہ صوابی سمارٹ ویلج کا آغاز اس بات کی واضح مثال ہے کہ ڈیجیٹل جدت کس طرح زندگیوں اور کمیونٹیز کو بدل سکتی ہے، ہمیں فخر ہے کہ ہم اس منصوبے کا حصہ ہیں جو ہمارے اس مشن سے ہم آہنگ ہے کہ ہر انسان کو ڈیجیٹل مواقع تک رسائی دی جائے، ہم پاکستان اور ہواوے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے منتظر ہیں تاکہ پائیدار ترقی اور ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔
ہواوے پاکستان کے ڈپٹی سی ای او احمد بلال مسعود نے کہا کہ ہواوے اس انقلابی منصوبے کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتا ہے، ہماری ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے مواقع پیدا کئے جائیں اور زندگیوں کو بہتر بنایا جائے۔ صوابی سمارٹ ویلج منصوبہ ہمارے اس عزم کا مظہر ہے کہ ہم ڈیجیٹل خلا کو کم کریں اور کمیونٹیز کو بااختیار بنائیں،ہم وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، آئی ٹی یو اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں جدت اور شمولیت کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ منصوبے کی کامیابی میں شراکت داروں جیسا کہ ٹیلی ایجوکیشن، صحت کہانی اور بیداری نے اہم کردار ادا کیا،ٹیلی ایجوکیشن نے دیہی آبادی کے لئے ڈیجیٹل تعلیمی حل فراہم کئے، صحت کہانی نے ٹیلی ہیلتھ سروسز کے ذریعے پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کو قابلِ رسائی بنایا جبکہ بیداری نے سمارٹ ویلج سینٹر کے انتظام کے ذریعے کمیونٹی کی شمولیت اور بااختیار بنانے کو یقینی بنایا تاکہ منصوبہ مقامی ضروریات اور خواہشات کے مطابق ہو۔ ’’سمارٹ ویلج پاکستان‘‘ منصوبہ ملک بھر میں تبدیلی لانے کے لئے ایک نئی مثال قائم کرتا ہے،نئے حل، تعاون اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے ذریعے یہ منصوبہ دیہی کمیونٹیز کی زندگیوں میں پائیدار بہتری لانے کے لئے کوشاں ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582957