19.1 C
Islamabad
منگل, مارچ 18, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی بنگلہ دیش...

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی بنگلہ دیش کے وزارت لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ  کے مشیر سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین کی جنیوا میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن  (آئی ایل او) کے 353ویں گورننگ باڈی سیشن کے موقع پر بنگلہ دیش کے وزارت لیبر اینڈ ایمپلائمنٹ کے مشیر بریگیڈیئر جنرل (ر) ڈاکٹر محمدسخاوت حسین سے ملاقات ہوئی۔

اس ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے تعاون بڑھانا تھا۔پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد، پاکستان کے جنیوا میں مستقل نمائندہ سفیر بلال احمد سمیت دونوں ممالک کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح پر بات چیت اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر اتفاق کیا تاکہ باہمی اعتماد اور مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ملاقات میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے، عوامی سطح پر روابط کو مضبوط کرنے کے لیے ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کے فروغ اور پارلیمانی و ادارہ جاتی تعلقات کو بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

دونوں فریقین نے افرادی قوت سے استفادہ کرنے ، ہنرمند افراد کی ترقی اور لیبر حقوق کے میدان میں بھی تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جو دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔اس ملاقات میں یہ بات بھی زیر بحث آئی کہ علاقائی اور عالمی سطح پر اہم مسائل پر دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی سے کام کرنا چاہیے۔

دونوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی مشترکہ کوششیں نہ صرف دونوں ممالک کے لیے بلکہ پورے خطے کے لیے استحکام اور خوشحالی کا باعث بنیں گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573579

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں