وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق صاحبزادہ محبوب سلطان کا”ایف ایم ڈی کی پائیدار روک تھام اور گوشت کی برآمد میں اضافہ“ کے موضوع پر ورکشاپ سے خطاب

95
APP52-06 ISLAMABAD : February 06 - Federal Minister for National Food Security and Research Sahibzada Muhammad Mehboob Sultan addressing during a workshop on Sustainable Prevention Foot and Mouth Disease for Enhancing Meat Exports from Pakistan. APP photo by Saleem Rana

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق صاحبزادہ محبوب سلطان نے جانوروں کی منہ کھر بیماری (ایف ایم ڈی) کی روک تھام کیلئے ایف ایم ڈی پروگرام کی بہتری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے لائیو سٹاک کے شعبہ کو قومی ترقی کے ایجنڈے میں شامل کیا ہے، لائیو سٹاک کے شعبہ کو ترقی دینے کا مقصد معاشی اور دیہی ترقی کو بڑھانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”ایف ایم ڈی کی پائیدار روک تھام اور گوشت کی برآمد میں اضافہ“ کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد ایگرو مارکیٹ ڈویلپمنٹ نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2015ءمیں پاکستان منہ کھر بیماری (ایف ایم ڈی) کے تدارک کے تحت دوسرے مرحلہ پر پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں منہ کھر کی بیماری کے خاتمہ کیلئے عالمی ادارہ خوراک و زراعت (ایف اے او) کے تعاون سے پاکستان نے ایک پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کا دورانیہ 2018ءسے 2024ءتک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں پاکستان منہ کھر کی بیماری کے تدارک اور جانوروں کے تحفظ کے حوالہس ے تیسرے مرحلہ میں داخل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے شراکت داروں کے تعاون سے اس بیماری کے خاتمہ کےلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، لائیو سٹاک کے شعبہ میں پاکستان یو ایس کی شراکت داری عمل میں لائی جا رہی ہے جس کا مقصد پاکستان میں لائیوسٹاک کے شعبہ کی ترقی اور گوشت کی برآمد میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین ملا ئیشیائ، انڈونیشیائ، روس کی عالمی منڈیوں تک اپنی گوشت کر برآمد کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہ کھر کی بیماری لائیوسٹاک کی ترقی میں ایک بہت بڑا چیلنج ہے، آنے والے دنوں میں لائیوسٹاک سیکٹر ہماری معیشت کی ترقی و بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا کہ لائیو سٹاک کے شعبہ میں ترقی سے پاکستان حلال گوشت کی عالمی مارکیٹ میں بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لائیو سٹاک کے شعبہ کو مکمل معاونت فراہم کرے گی تاکہ یہ شعبہ بھرپور استعداد کے ساتھ آگے بڑھے۔ اس موقع پر پاکستان میں یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر جیف گوئیبل بھی موجود تھے۔