اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت زرعی گریجویٹس کی تربیت سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ پہلے بیچ کی روانگی کے موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے تمام افسران کی کوششوں کو سراہا اور بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹیم کی اجتماعی کاوشوں کو سراہا ہے۔
اجلاس میں طلبا اور چینی جامعات کے درمیان روابط کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی۔ وفاقی وزیر نے آئندہ بیچ کی پراسیسنگ فوری مکمل کرنے کا حکم دیا۔رانا تنویر حسین نے چینی جامعات میں تربیتی دورانیہ تین ماہ سے بڑھا کر چھ ماہ کرنے اور طلبا ءکی تعداد 50 سے بڑھا کر 100 فی یونیورسٹی کرنے کا فیصلہ کیا، تمام تربیتی پروگرام چھ ماہ کی مدت پر مبنی ہوں گے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان چینی جامعات پر توجہ دی جائے جو جدید زرعی ٹیکنالوجی میں مہارت رکھتی ہیں تاکہ پاکستان کے زرعی مستقبل کو بہتر بنایا جا سکے۔وزارت قومی غذائی تحفظ ملک کے زرعی گریجویٹس کے روشن مستقبل کے لئے پُرعزم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584281