وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی کی زیرصدارت پاکستان سول ایوارڈز 2025 کے سلسلہ میں فنون لطیفہ اور ادب کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس

45
وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی کی زیرصدارت پاکستان سول ایوارڈز 2025 کے سلسلہ میں فنون لطیفہ اور ادب کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):پاکستان سول ایوارڈز 2025 کے سلسلہ میں فنون لطیفہ اور ادب کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو کابینہ ڈویژن اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی نے کی۔اجلاس میں فنون لطیفہ اور ادب کے شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کے ناموں پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں کابینہ سیکرٹریٹ اور دیگر متعلقہ اداروں بشمول فنون لطیفہ اور ادب کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکا نے اس امر کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ ایوارڈز کے لیے انتخاب کا عمل خالصتاً میرٹ پر مبنی ہو اور پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثہ کی حقیقی نمائندگی کرے۔وفاقی وزیر محمد اورنگزیب کھچی کو پاکستان سول ایوارڈز کے انتخابی عمل پر بریفنگ دی گئی۔

بتایا گیا کہ مختلف نامزدگی اداروں سے کل 129 نام موصول ہوئے ہیں۔اجلاس میں سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں رائے دی گئی کہ فنکاروں کا انتخاب کسی امتحانی یا نمبرز سسٹم کے تحت نہیں ہونا چاہیے بلکہ متعلقہ شعبہ کے ماہرین سے مشاورت کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا کے شعبہ فنون و ثقافت سے کسی امیدوار کا نام موصول نہیں ہوا جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت اس شعبے سے نام تجویز کرے گی تو ان پر غور ضرور کیا جائے گا۔اجلاس میں تمام نامزد امیدواروں کی خدمات، ان کی نمایاں کامیابیوں اور ان کے لیے موزوں ایوارڈز کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر محمد اورنگزیب کھچی نے تجویز دی کہ تمام اہل اور قابل امیدواروں کو ایوارڈز کے لیے منتخب کیا جانا چاہیے اور ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی تعداد کو کسی مخصوص حد میں محدود نہیں کیا جانا چاہیے۔اجلاس میں دی گئی سفارشات کو پاکستان سول ایوارڈز 2025 کے حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔