وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال

143

طلباء کولیپ ٹاپ کی فراہمی کا مقصد نوجوانوں کو ڈیجیٹل میدان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بیش بہا مواقع فراہم کرنا ہے،وفاقی وزیر احسن اقبال

اسلام آباد ۔ 16 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ لیپ ٹاپ کی فراہمی کا مقصد نوجوانوں کو ڈیجیٹل میدان میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بیش بہا مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکسلا میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلباءو طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دور حاضر میں قوموں کی ترقی کا دارومدار انفارمیشن اور معلومات کے موثر استعمال ہے۔ وژن 2025ءکے تحت حکومت ملک بھر میں ہر ضلع میں یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہونہار طلباءو طالبات کو میرٹ پر لیپ ٹاپ فراہم کرنے کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ پاکستان دنیا میں چوتھا ای لائسنسنگ کرنے والا ملک بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین برس پہلے پاکستان کو خطرناک ترین ملک قرار دیا جا رہا تھا، آج ابھرتی معیشت قرار دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لئے استحکام، امن اور تسلسل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین برسوں میں اعلیٰ تعلیم کے بجٹ کو 100 ارب روپے سے بڑھا کر 215 ارب روپے کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انجینئرز ملک کی ترقی کے معمار ہیں، ہمیں ایجادات کی ریس میں دیگر قوموں کے ہم پلہ ہونا ہوگا۔