وفاقی وزیر برائے نجکاری سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے علاقائی ڈائریکٹر خواجہ آفتاب احمد کی ملاقات، تعاون کے اہم شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد سے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے علاقائی ڈائریکٹر برائے پاکستان، مشرق وسطیٰ اور افغانستان خواجہ آفتاب احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی۔ بات چیت میں تعاون کے اہم شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایف سی کی ٹیم نے وفاقی وزیر کو پاکستان میں ماضی اور موجودہ مختلف سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان کے ساتھ اپنی مسلسل وابستگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں بالخصوص توانائی کے شعبوں میں اہم پیش رفت پر روشنی ڈالی۔

خاص طور پر ترسیل و تقسیم میں بہتری لانے کیلئے نجی شعبے کی شراکت کو فروغ دینے کے لیے آئی ایف سی کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا گیا۔ وزیر برائے نجکاری نے پاکستان کے معاشی منظر نامے میں آئی ایف سی کے تعاون کا اعتراف کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترسیل و تقسیم کے نقصانات میں کمی لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اسی طرح ڈسکوز کے ترسیل و تقسیم کے نظام میں فوری سرمایہ کاری اور بہتر نظم و نسق کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید زور دیا کہ حکومت خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی کاروباری اداروں کی نجکاری کے ذریعے اقتصادی ترقی اور پائیداری کو فروغ دینے کے لیے پر عزم ہے۔ آئی ایف سی ٹیم نے حکومتی منصوبے کے لیے اپنی مسلسل حمایت کا بھی اظہار کیا۔ یہ ملاقات دونوں اداروں کے درمیان مسلسل مصروفیت اور تعاون کو برقرار رکھنے کے پختہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی ۔