اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے چین کی ڈونکی انڈسٹری کے وائس پریذیڈنٹ زاہو فی نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران زاہو فی نے کہا کہ پاکستان میں ڈونکی بریڈنگ کے لیے ماحول نہایت سازگار ہے اور وہ پاکستان میں ڈونکی فارم قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔اس موقع پروفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کے بہترین تعلقات ہیں اور ڈونکی بریڈنگ کے حوالے سے فارم کے قیام کی اجازت تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد باقاعدہ معاہدے کے تحت دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ معاہدے میں یہ بات شامل ہوگی کہ پاکستان میں موجود مقامی نسل کی بریڈنگ کسی صورت متاثر نہیں ہوگی۔رانا تنویر حسین نے بتایا کہ چینی ڈونکی انڈسٹری کو گوادر ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں فارم قائم کرنے کی اجازت دی جائے گی، جہاں سلاٹر ہاؤس اور ایکسپورٹ سہولیات بھی میسر ہوں گی تاکہ ڈونکی گوشت کو چین برآمد کیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان اور چین کے تجارتی تعلقات بھی مزید مستحکم ہوں گے۔ ڈونکی انڈسٹری کے فروغ سے مقامی سطح پر معاشی مواقع اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581010