اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک سے ورلڈ بینک کے جنوبی ایشیا کے ریجنل ڈائریکٹر پنکج گپتا نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان کے توانائی کے شعبے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داریوں اور تکنیکی معاونت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں پائیدار توانائی کی ترقی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور تیل و گیس کے شعبوں کو درپیش اہم چیلنجز پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے پاکستان کے توانائی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے، توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور صاف توانائی کے اقدامات کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے توانائی کی کارکردگی بڑھانے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم توانائی کی مربوط منصوبہ بندی پر کام کر رہے ہیں۔ پنکج گپتا نے پاکستان میں توانائی کی اصلاحات کے لیے ورلڈ بینک کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور مستقبل میں تعاون کے عزم کااظہار کیا۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے ہونے والی پیش رفت کو سراہا اور اس شعبے کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ممکنہ تکنیکی معاونت کے پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا۔ علی پرویز ملک نے ورلڈ بینک کا مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا اورپاکستان کے طویل مدتی توانائی کے اہداف کے حصول میں روابط جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں فریقین نے مستقبل کے منصوبوں کے لیے قریبی روابط رکھنے پر اتفاق کیا، تاکہ اقتصادی ترقی اور توانائی کے شعبے میں پائیداری کو فروغ دیا جا سکے۔ ملاقات میں وزارت پیٹرولیم کے سینئر حکام اور ورلڈ بینک کے نمائندے بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580419