27.1 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 25, 2025
ہومتجارتی خبریںوفاقی وزیر تجارت سے سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل مرکنٹائل ایکسچینج کے نائب صدر...

وفاقی وزیر تجارت سے سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل مرکنٹائل ایکسچینج کے نائب صدر کی ملاقات ، اجناس کی تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے روس کے سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل مرکنٹائل ایکسچینج کے نائب صدر دمتری چرنیشیف اور ان کے وفد سے اہم ملاقات کی۔ وزارت تجارت میں ہونے والی ملاقات کا مقصد پاکستان اور روس کے درمیان معاشی تعاون کو مزید گہرا کرنا تھا، ملاقات میں دوطرفہ تجارتی میکانزم کو ادارہ جاتی تبادلوں کے ذریعے بہتر بنانے اور حقیقی اجناس کی تجارت کے نئے طریقہ کار تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر تجارت جام کمال خان نے روس کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ عالمی اقتصادی چیلنجز کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مالی سال 24 ۔ 2023 میں دوطرفہ تجارتی حجم تقریباً 963 ملین امریکی ڈالر رہا، جس میں پاکستان کی برآمدات 83 ملین ڈالر اور درآمدات 880 ملین ڈالر تک پہنچیں۔

- Advertisement -

دمتری چرنیشیف نے سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل مرکنٹائل ایکسچینج (سپائی میکس) کواجناس کی اہم ترین روسی ایکسچینج قرار دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ پٹرولیم مصنوعات، گیس، کھاد، اور لکڑی سمیت وسیع پیمانے پر اجناس کی تجارت کو فروغ دیتا ہے۔

انہوں نے شفاف قیمتوں کے تعین اور مؤثر تجارتی نظام کے قیام کو سپائی میکس کا مشن قرار دیا اور عالمی اجناس ایکسچینجز کا ایک بین الاقوامی نیٹ ورک تشکیل دینے کے منصوبے پر بھی روشنی ڈالی۔ملاقات میں سپائی میکس اور پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج (پیمیکس) کے درمیان پہلے سے دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت کو فعال کرنے پر بھی بات چیت ہوئی، تاکہ تکنیکی تعاون، معلومات کا تبادلہ اور تجارتی پلیٹ فارمز کی ڈیجیٹل انضمام ممکن بنایا جا سکے۔

وزیر تجارت جام کمال خان نے دونوں ایکسچینجز کے درمیان علم و تجربے کے تبادلے کی بھرپور حمایت کی اور کہا کہ روس سے تیل، گندم، کھاد جبکہ پاکستان سے چاول، کپاس، پھل اور سبزیاں جیسے معیاری اور تبادلہ پذیر اجناس کی عملی تجارت کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587055

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں