وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے وفد کی ملاقات

126
Federal Minister for Planning, Development & Reform Makhdum Khusro Bakhtyar talking to Mr. Werner Liepach, DG Central West Asian Department, Asian Development Bank, who along-with a delegation called on him in Islamabad on March 18, 2019.

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار سے ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ڈائریکٹرجنرل لیپج وارنر (Warner Liepach) کی زیرقیادت وفد نے پیر کے روز یہاں ایک ملاقات کی۔ اس موقع پر ممبر انفراسٹرکچر، ممبر پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپمنٹ اور دیگرمتعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان میں انفراسٹرکچرکی بحالی میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے کردار کوسراہا۔ وفاقی وزیر نے وفد کو بتایا کہ حکومت ملک کے شہروں کو اس قابل بنا رہی ہے کہ وہ اپنے ذرائع سے وسائل پیدا کریں، اس مقصد کیلئے پورے ملک میں تقریباً50 شہروں کے انفراسٹرکچر پرتوجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے منصوبوں پر توجہ دی جارہی ہے کہ جس سے مقامی سطح پر لوگوں کو روزگارکے مواقع میسرہونگے، حکومت نجی سیکٹر پر بھی توجہ دے رہی ہے اور حکومتی سطح پر عوامی خدمات کی فراہمی کو موثر بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے وفد نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پاکستانی حکومت کو لوکل کرنسی بانڈ کے وسائل کی فراہمی میں معاونت فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ اے ڈی بی اداروں کی استعدادکاربڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ ڈائریکٹرجنرل اے ڈی بی لیپج وارنر (Warner Liepach) نے یہ بھی بتایاکہ ایشین ڈیویلپمنٹ بینک پہلے کراچی کے علاوہ پنجاب حکومت کے ساتھ بھی مختلف منصوبوں پرکام کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے وفد کو بتایا کہ پبلک سیکٹر پر بوجھ کم کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر منصوبہ شروع کئے جارہے ہیں اور پبلک سیکٹر کومقامی سطح پر اس قابل بنایا جا رہا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ مل کر ترقیاتی عمل میں حصہ لے۔