اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ مدد علی سندھی نے تحریک آزادی پاکستان میں چوہدری رحمت علی اور قاضی محمد عیسیٰ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئےکہا ہے کہ ان قائدین نے تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے، قیام پاکستان میں ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، وہ پاکستان کے ہیرو اور ملک کے مستقبل کے لیڈروں کے لئے ایک عمدہ مثال ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈی نیشنل بک فاؤنڈیشن ڈاکٹر راجہ مظہر حمید سے ملاقات کے دوران کیا۔
وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا کہ ملک کے روشن خیال نوجوانوں کی تشکیل کے لئے کتاب پڑھنے کا کلچر ناگزیر ہے۔ انہوں نے نیشنل بک فاؤنڈیشن کو حکم دیا کہ کتاب پڑھنے کے کلچر کو پھیلانے کے لئے اسلام آباد میں نیشنل بک گالا کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز بشمول تمام یونیورسٹیز، کالجز اور سکولز کو شامل کیا جائے، اس کا مقصد کتابوں اور نوجوانوں کے درمیان خلیج کو ختم کرنا ہونا چاہئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں عدم برداشت بہت زیادہ ہے اور علم و دانش کو پھیلا کر معاشرے کو رواداری سے پروان چڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این بی ایف ملک کے نوجوانوں اور کتاب پڑھنے کے درمیان خلیج کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرے۔ انہوں نے کتاب میلوں کے باقاعدگی سے انعقاد کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ یہ تین روزہ گالا ہوگا اور اس تقریب کے افتتاح کے لئے وزیراعظم پاکستان کو مدعو کیا جائے گا، یہ تقریب اکتوبر کے آخری ہفتے میں منعقد کی جائے گی۔