وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی رومانیہ کے سفیر نیکو لائی گولا سے گفتگو

101
APP21-16 ISLAMABAD: November 16 - Ambassador of Romania Nicolae Gola called on the Federal Minister for Education and Professional Training Shafqat Mahmood. APP photo by Saeed-ul-Mulk

اسلام آباد۔ 16 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کو تعلیم کے شعبے میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، موجودہ حکومت نئی تعلیمی پالیسی لا رہی ہے، سکولوں سے باہر بچوں کو سکول لانا، یکساں نظام تعلیم اور یکساں نصاب تعلیم کو رائج کرنا حکومتی ترجیحات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں رومانیہ کے سفیر نیکو لائی گولا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ پاکستان کو تعلیم کے شعبہ میں مختلف چیلنجز درپیش ہیں اور موجودہ حکومت ان چیلنجز کے حل کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک نئی ایجوکیشن پالیسی متعارف کرا رہے ہیں جس میں اسکولوں سے باہر بچوں کو اسکول لانا، یکساں نظام تعلیم اور یکساں نصاب تعلیم کو رائج کرنا حکومتی ترجیحات ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور سکلز ڈویلپمنٹ اس ایجوکیشن پالیسی کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ ہنر مندی کی تعلیم پر مرکوز ہے۔ ہم تعلیمی ڈیٹا اکٹھا کرنے کے نظام کو مزید موثر بنا رہے ہیں۔ اس موقع پر رومانیہ کے سفیر نیکو لائی گولا نے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے مابین بہت اچھے سیاسی اور معاشی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے مابین تعلیم کے شعبہ میں کام کرنے اور تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعلق کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔