وفاقی وزیر خزانہ حمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں ہالینڈ کی سفیر کی ملاقات

167

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں ہالینڈ کی سفیر ہینی فوکل ڈی وریس نے بدھ کو ملاقات کی جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسرا ن بھی موجود تھے ۔وزیر خزانہ نے ہالینڈ کی سفیر ہینی فوکل ڈی وریس کا خیرمقدم کیا۔

محترمہ ہینی فوکل ڈی وریس نے پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان دوطرفہ، اقتصادی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا ۔ وزیر خزانہ نے سفیر کو بتایاکہ دونوں ممالک ہمیشہ باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی دو طرفہ تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں ۔ وزیر خزانہ نے نیدرلینڈ کی سفیر کو موجودہ حکومت کی جانب سے شروع کیے جانے والے سیلاب کے بعد کی تعمیر نو اور بحالی کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

یہ بھی بتایا گیا کہ موجودہ حکومت عوام کی بہتری اور خاص طور پر مالی شمولیت کے حوالے سے بہت زیادہ فکر مند ہے۔ ہینی فوکل ڈی وریس نے ہالینڈ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اسی قسم کے ملتے جلتے جذبات کا اظہار کیا۔ سفیر نے سیلاب اور مون سون کی بارشوں سے پاکستان کو درپیش بڑے معاشی نقصانات پر ہمدردی کے جذبات کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیدرلینڈ کی حکومت کا مقصد پاکستان کے ساتھ مختلف اقتصادی محاذوں پر دوطرفہ تعلقات کو بڑھانا ہے کیونکہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا ملک ہونے کے ناطے سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک ہے۔ وزیر خزانہ نے ہالینڈ کی سرمایہ کاری کی تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروبار دوست ماحول کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں موجود متعدد منافع بخش اقتصادی شعبوںکے بارے میں مزید روشنی ڈالی جس میں دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کر سکتے ہیں۔وزیر خزانہ اور سفیر محترمہ ہینی فوکل ڈی وریس نے ایک دوسرے کا شکریہ ادا کیا۔