وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کراچی میں سٹیٹ بینک کے گورنر کے ساتھ اجلاس

132

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پیر کو کراچی میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر کے ساتھ اجلاس میں آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اہداف کے حصول اور کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنرز اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران آئی ایم ایف کے 12 ویں جائزہ اجلاس کے سلسلہ میں آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اہداف کے حصول اور کارکردگی کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ گورنر سٹیٹ بینک نے انہیں مجموعی عالمی مالیات اور مجموعی داخلی اثاثوں سے متعلق سٹیٹ بینک کے حوالہ سے مختلف اہداف سے آگاہ کیا اور اے ایم ایل قوانین پر عملدرآمد میں بینکوں کے کردار اور رپورٹنگ میکنزم سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان، سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور ایف بی آر عالمی مسلمہ مانیٹرنگ اور انفورسمنٹ سٹینڈرڈز پر عمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑے تو قوانین کو اپ ڈیٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری میں ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے ہمیں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے ایف اے ٹی ایف رولز کے اطلاق کو یقینی بنانا چاہئے۔