23.8 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پاکستان کرپٹو کونسل...

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت پاکستان کرپٹو کونسل کا پہلا اجلاس، کرپٹو سپیس میں موجود مواقع اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔21مارچ (اے پی پی):پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کا افتتاحی اجلاس کرپٹو اور بلاک چین کے مستقبل کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے۔ پاکستان کرپٹو کونسل کا پہلا اجلاس وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی صدارت میں جمعہ کو منعقد ہوا۔ فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پی سی سی کے سی ای او بلال بن ثاقب، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)اور آئی ٹی و قانون کے وفاقی سیکرٹریز سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں پاکستان کے کرپٹو سپیس میں موجود مواقع اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سی ای او بلال بن ثاقب نے پی سی سی کا جامع وژن اور مشن پیش کیا جس میں ملک میں کرپٹو کرنسی کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے ریگولیٹری وضاحت کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ اس شعبے کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے۔ بلال بن ثاقب نے دنیا بھر میں کامیاب ریگولیٹری ماڈلز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنے مخصوص حالات کے مطابق ایک منظم حکمت عملی ترتیب دینا ہو گی۔ انہوں نے پاکستان میں اضافی بجلی کے وسائل کو بٹ کوائن مائننگ کے لئے استعمال کرنے کی تجویز بھی دی جس سے ملک کے معاشی مسائل کو مواقع میں بدلا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پی سی سی کے وژن کو سراہتے ہوئے کونسل کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرپٹو کونسل تمام متعلقہ فریقین اور ریگولیٹری اداروں کو ایک چھتری تلے اکٹھا کرے گی تاکہ ایک جامع، ذمہ دار اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ کرپٹو ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری معیشت کے لئے ایک نئے ڈیجیٹل باب کا آغاز ہے، ہم ایک شفاف اور جدید مالیاتی نظام کو تشکیل دینے کے لئے پرعزم ہیں جو سرمایہ کاری کو فروغ دے، نوجوانوں کو بااختیار بنائے اور پاکستان کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے عالمی نقشے پر نمایاں کرے۔

وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو عالمی بہترین طریقوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے لیکن ساتھ ہی مقامی معاشی و کاروباری ماڈلز کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی بھی وضع کرنا ہو گی۔ اجلاس میں گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین ایس ای سی پی اور آئی ٹی و قانون کے وفاقی سیکرٹریز نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے ریگولیٹری فریم ورک، قانون سازی اور لائسنسنگ کے نظام کی وضاحت کی ضرورت پر زور دیا۔ صارفین کے تحفظ، بلاک چین مائننگ اور ایک قومی بلاک چین پالیسی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ کرپٹو پالیسی کو مرحلہ وار متعارف کرایا جائے، آزمائشی پروگرامز چلائے جائیں اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری یقینی بنائی جائے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ پاکستان بلاک چین اور کرپٹو کرنسی کے شعبے میں اپنی مکمل صلاحیت بروئے کار لانے کے لئے محتاط حکمت عملی اختیار کرے گا تاکہ ملک کے معاشی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575186

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں