وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کے مشن چیف مسٹر ناتھن پورٹر سے آن لائن ملاقات

133

اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کے لئے آئی ایم ایف کے مشن چیف مسٹر ناتھن پورٹر سے آن لائن ملاقات کی جس میں دونوںاطراف نے آئی ایم ایف کے جاری پروگرام میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر میکرو اکنامک فریم ورک اور رواں سال کے اہداف پر سیلاب کے اثرات پر بات کی گئی ۔

آئی ایم ایف نے غریبوں اور پسماندہ افراد خصوصاً سیلاب متاثرین کے لئے ٹارگٹڈ زر اعانت پر ہمدردانہ غور کے لئے اپنی رضامندی کا عندیہ دیا ۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ رواں سال کے دوران سیلاب سے متعلق انسانی امداد کے اخراجات کے تخمینے اور بحالی کے ترجیحی اخراجات کے تخمینے پر مضبوطی سے کار بند رہا جائے گا۔

اس سلسلے میں 9ویں جائزہ کے ساتھ آگے بڑھنے کے لئے تکنیکی سطح پربات چیت اور جائزے کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے حکومت پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔