اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے ملاقات کی جس میں پاک سعودی عرب دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور، روڈٹو مکہ پراجیکٹ تعاون معاہدے کے مسودے اورسعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے تقریبات سے متعلق مختلف پروگرامز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر داخلہ نے حالیہ سیلاب میں متاثرین کیلئے ہنگامی انسانی امداد پرسعودی حکومت اورعوام کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر داخلہ نے پاکستان سے عازمین حج کیلئے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ 2022 کے کامیاب انعقاد پر سعودی سفیر کومبارکباد پیش کی۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پاکستانی عازمین حج و عمرہ کیلئے انتہائی سود مند ہے،روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ معاہدے میں مزید وسعت اور بہتری لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ ہیں۔پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔پاکستان اورسعودی عرب ملکر تمام داخلی اورعلاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام خادم حرمین شریفین سے خاص عقیدت اور محبت رکھتے ہیں،سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراخدلانہ مدداورمعاونت کی ہے،سیلاب زدگان کی بروقت امداد سے حکومت کی متاثرین کی بحالی میں مدد ملی جس پرشکرگزار ہیں۔
وزیر داخلہ راناثناءاللہ نے کہا کہ سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے تقریبات میں شرکت میرے لئے ایک اعزاز ہوگا،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بہت خوش ہیں۔سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے ثقافتی تقریبات کاانعقاد کیاجارہا ہے ،پاکستان اورسعودی عوام کو مزید قریب لانے کے لئے ثفافتی تقریبات کااہتمام کیا جارہا ہے۔