راولپنڈی۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین سےارجنٹائن کی مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ سٹاف ٹینینٹی جنرل جوآن مارٹن پیلو نے اپنے وفد کے ہمراہ وزارت دفاعی پیداوار راولپنڈی میں ملاقات کی۔وفد کو دفاعی پیداوار کے شعبے میں مختلف ممکنہ باہمی تعاون کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
ترجمان وزارت دفاعی پیداوار کے ۔مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین نے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان دوطرفہ تعاون کی اچھی تاریخ ہے اور ہم مثبت نتائج اور باہمی فوائد کے ساتھ دفاعی پیداوار کے شعبے میں ارجنٹائن کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔
جنرل جوآن مارٹن پیلو نے پاکستان کی دفاعی پیداواری صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں دونوں ممالک دفاعی پیداوار کے شعبے میں وسیع تعاون کی اچھی صلاحیت رکھتے ہیں۔بریفنگ میں سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) ہمایوں عزیز اور دونوں ممالک کے متعدد اہم حکام نے شرکت کی۔