وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

107

اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے، ہم چاہتے ہیں کہ وہ ابدی دشمن نہ بنے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اڑی واقعہ بھی بھارت کا من گھڑت ہے جس کا وہ کوئی بھی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کر سکے بلکہ ماضی کی طرح بغیر تحقیق کے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں، بھارت نے یہ واقعہ مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے کرایا، انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ وادی میں ظلم و بربریت کی انتہا کر رہا ہے اور نہتے بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کشمیریوں کی نئی نسل اپنی آزادی کی جدوجہد کو مزید آگے لیکر بڑھ رہی ہے، برھان وانی بھی کشمیریوں کی اسی نئی نسل کا ایک نوجوان تھا جسے بھارتی افواج نے گولیاں مار کر شہید کردیا، برھان وانی کی شہادت نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو ایک نئی جلا بخشی ہے اور وہ لوگ کسی صورت بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں اور اپنے بنیادی حق حق خود ارادیت کے لیے پرامن تحریک چلا رہے ہیں جس میں انہوں نے لازوال قربانیاں بھی دی ہیں