اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے منگل کو اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز شاہ اللہ دتہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزارت تعلیم کے سینئر افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری سلمان مفتی نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی کہ بی آئی ایس پی کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 52,796 بچے آئی سی ٹی میں سکول سے باہر ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ وزارت نے ان کی ہدایت پر اس مسئلے کو حل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2023 کے پہلے ہفتے میں وزارت تعلیم نے آئی سی ٹی مہم میں زیرو آؤٹ آف سکول چلڈرن پر عملدرآمد کا منصوبہ شروع کیا۔
رانا تنویر حسین کو بتایا گیا کہ ایف ڈی ای، این سی ایچ ڈی، بی ای سی ایس، این جی اوز اور مختلف این جی اوز اس مہم میں وزارت کے شراکت دار ہیں۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ مہم پانچ یو سیز شریف آباد، سوہان، شاہ اللہ دتہ، گولڑہ شریف اور برما ٹاؤن سے شروع ہوئی ہے۔ برما ٹاؤن (این سی ایچ ڈی اور جناح جونیئر ٹرسٹ) میں پیشرفت کی نگرانی کے لئے وزارت تعلیم نے متعدد این جی اوز کے تعاون سے فیلڈ کنٹرول سینٹرز قائم کئے ہیں۔ ان میں سوہن (بی ای سی ایس )، شریف آباد (آلائٹ پاکستان، ایف ڈی ای)، گولڑہ شریف (ایف ڈی ای اور این ای ایف) اور شاہ اللہ دتہ (ایف ڈی ای سکول اینڈ این سی ایچ ڈی )شامل ہیں۔
وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں سے اب تک 6549 سکولوں سے باہر بچوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں سے اب تک 3396 بچے مختلف سرکاری اور نجی سکولوں میں داخل ہو چکے ہیں۔ این سی ایچ ڈی اور بی ای سی ایس نے اس مہم کے لئے میدان میں اپنی ٹیمیں تعینات کی ہیں – (این سی ایچ ڈی کے تقریباً 100 اہلکار اور بی ای سی ایس کے 40) تمام شراکت دار پرعزم ہیں اور 30 جون 2023 تک اسلام آباد میں زیرو او او ایس سی تک پہنچنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=364714