21.6 C
Islamabad
اتوار, مئی 4, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر ریلوے سے شعیب صدیقی کی ملاقات،ریلوے کی کچی آبادیوں کے...

وفاقی وزیر ریلوے سے شعیب صدیقی کی ملاقات،ریلوے کی کچی آبادیوں کے مالکانہ حقوق کیلئے سروے کا فیصلہ

- Advertisement -

لاہور۔3مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پی پی149 میں ریلوے کے زیر انتظام کچی آبادیوں کے مکینوں کیلئے امید کی نئی شمع روشن کر دی۔ انہوں نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی149 سے ایم پی اے اور جنرل سیکرٹری آئی پی پی پنجاب شعیب صدیقی سے ملاقات میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دلوانے سمیت حلقے میں کمرشلائزیشن کے امور اور صفائی ستھرائی مسائل پر تفصیلی بات کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر مملکت علی پرویز ملک، ممبر قومی اسمبلی و سینئر رہنما مسلم لیگ ن شائستہ پرویز ملک، چیئرمین ریلوے سید مظہر علی شاہ اور سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ بھی موجود تھے۔

ایم پی شعیب صدیقی نے وفاقی وزیر سے حلقے کے مسائل کے حوالے سے ہونے والی اس اہم ملاقات میں بتایا کہ کچی آبادیوں کے مکین اپنی چھتوں اور رہائش گاہوں کے چھن جانے کے خوف میں مبتلا ہیں جس سے ان میں اضطراب اور بے چینی پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان مکینوں کے پاس سر چھپانے کیلئے کوئی متبادل انتظام موجود نہیں ہے، یہی کچی آبادیاں ہی ان کی واحد جائے سکونت ہیں جہاں وہ کئی سالوں سے رہائش پذیر ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے شعیب صدیقی کو یقین دلایا کہ کچی آبادیوں کے این او سیز کی منسوخی کے حوالے سے جلد ہی ان آبادیوں کا از سر نو سروے کیا اور ان کو ریگولرائز کرتے ہوئے مالکانہ حقوق کے معاملات کو قانون کے مطابق پایائے تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی خاندان کو چھت سے محروم نہیں کیا جائے گا

- Advertisement -

بے گھروں کو اپنا گھر، اپنی چھت دلوانا وزیر اعلیٰ پنجاب کے عوامی فلاحی مشن کا حصہ ہے۔ صوبائی جنرل سیکرٹری و ایم پی اے شعیب صدیقی نے ملاقات میں اس امر کا بھی اظہار کیا کہ وہ یہاں اپنے حلقے کے عوام کے ترجمان اور استحکام پاکستان پارٹی کے منشور کو حقیقی شکل دینے کے لئے موجود ہیں ،حلقے کی عوام کی مشکلات کے حل تک تگ و دو جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے انہیں تمام مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی جس پر ایم پی اے شعیب صدیقی نے وفاقی وزیر ریلوے، علی پرویز ملک، شائستہ پرویز ملک، چودھری شہباز اور ریلوے حکام کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں حلقے میں صفائی ستھرائی کمرشلائزیشن و دیگر عوامی مسائل کو بھی اجاگر کیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=592010

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں