وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا سیکرٹری /چیئرمین ریلویز سکندر سلطان راجہ کے اعزازمیں الوداعی عشائیہ سے خطاب

120

لاہور۔29 نومبر(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے عوام کی خدمت کا ادارہ ہے ‘ ماضی میں ریلوے کی تباہی کی بڑی وجہ کرپشن رہی‘تاہم افسران وملازمین کی کمٹمنٹ سے اسے منافع بخش ادارہ میں تبدیل کریں گے‘ ایم ایل ون منصوبہ ریلوے کی تقدیر بدل دے گا‘ منصوبے کےخلاف بین الاقوامی سازشیں ناکام ہوں گی اور یہ وزیر اعظم عمران خان کے دور میں ہی بنے گا، وہ جمعہ کے روز میو گارڈن لاہور میں مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر ہونےوالے سیکرٹری /چیئرمین ریلویز سکندر سلطان راجہ کے اعزازمیں دیئے گئے الوداعی عشائیہ سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر سی ای او ریلویزاعجاز احمدبریرو‘ آئی جی ریلوے واجد ضیاءسمیت دیگرافسران بھی موجود تھے، وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے افسران اور ملازمین بہت زیادہ صلاحیتوں کے حامل ہیں جن کی محنت سے ریلویز بہتری کی طرف جا سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ ریلوے مڈل مین کی سواری ہے اور روڈ ٹرانسپورٹ پر مسائل ہونے کی وجہ سے ریل پر سفر کرنےوالے مسافروں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے، شیخ رشید احمد نے کہا کہ 14سال قبل ایم ایل ون پر دستخط کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ، اب بھی اسی دور میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ایم ایل ون بنے گا،انہوں نے کہا کہ چیئرمین /سیکرٹری سکندر سلطان راجہ جیسے افسران کی ریلوے کو ضرورت ہے ، وفاقی وزیر نے سکندر سلطان راجہ کو مدت ملازمت پوری ہونے پر نیک تمناو¿ںکا اظہار کیا، اس موقع پر سکندر سلطان راجہ نے کہا ریلوے کے تمام افسران اور ملازمین کو بہترین تعاون کرنے پر سلام پیش کرتا ہوں ،انہوں نے کہا کہ ریلوے بہترین محکمہ ہے ‘ ایم ایل ون موجودہ دور میں ہی بنے گا ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اعجاز احمد بریرو نے کہا کہ سکندر سلطان راجہ نے ریلوے کی ترقی کےلئے دن رات محنت کی، ان کی قیادت میں ٹرینوں کے اوقات کار میں بہتری لائی گئی ، انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ریلوے اسی طرح ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا، اس موقع پر سیکرٹری و چیئرمین سکندر سلطان راجہ کو الوداعی تحائف بھی پیش کئے گئے۔