
لاہور۔17 نومبر(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید ا حمدنے کہا ہے کہ چوروں لٹیروں نے ملکی معیشت کو پراگندہ کیاجس کو ٹھیک کرنے کے لئے 100 دن ناکافی‘ کم از کم ایک سال لگے گا،فالودہ‘سکنجبین اور ویلڈنگ والوں کے سر پر کھیلنے والے جیل کی ہوا کھائیں گے،آئندہ سال مارچ تک جھاڑو پھر جائے گا،لوٹی ہوئی دولت کی واپسی آسان کام نہیں لیکن کچھ ملکوں سے اطلاع ہے کہ لوٹی ہوئی دولت واپس آرہی ہے،چوہدری نثار علی خاں مسلم لیگ(ن) یا پی ٹی آئی میں نہیں جا رہے۔ وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرزلاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر دیگر ریلوے افسران بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں وزیراعظم عمران خان جس طرح معاملات کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں وہ ایک مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا چین کا دورہ جتنا کامیاب رہا ایسا کامیاب دورہ میں نے زندگی میں نہیں دیکھا،حالےہ چےن کے دورہ کے موقع پر خواہش سے زیادہ پاکستان کو چین کی طرف سے ملا جس کا جلد اعلان آ جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شالیمار ہسپتال‘رائل پام اور بزنس ٹرین کے کیسز کو فاسٹ ٹریک پر لے جانے کے لئے نیب کو درخواست کر رہے ہیں جبکہ چیف جسٹس آف پاکستان کے سامنے بھی سیکرٹری ریلوے‘جی ایم ریلوے کے ساتھ پیش ہوکر ریلوے کو لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کی استدعا کریں گے۔