اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نریندر مودی بھارت سے غیر ہندوﺅں کا خاتمہ چاہتا ہے، ایسے احمق انسان سے امن کی بات کرنا حماقت ہے، وزیراعظم عمران خان نے حلف لینے سے پہلے بھارت پیغام بھجوایا کہ ‘بھارت ایک قدم بڑھائے، پاکستان دو قدم بڑھے گا’۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاﺅس کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ کسی گرافک ڈیزائنگ یا کاسمیٹک سرجری سے ممکن نہیں، کشمیر کی آزادی کے لیئے ہمیں لڑنا ہوگا، ہماری تمام سفارتی کوششوں کو مودی کے غرور نے ضائع کردیا، ہمیں اپنی جنگ خود ہی لڑنا پڑیگی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی تقدیر کو اپنے ہاتھ میں لیکر چلنا پڑیگا، عمران خان نے حلف لینے سے پہلے یہ کہ کر مودی کو امن کا پیغام بھجوایا کہ ‘بھارت ایک قدم بڑھائے، پاکستان دو قدم بڑھے گا’۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور کے افتتاح کے موقع پر بھی مودی کو امن کا پیغام بھیجا، مگر مودی نے ہماری امن کی پیشکش کو ہماری کمزوری سمجھا، دراصل نریندر مودی کوئی نارمل انسان نہیں، نہ اس کا کوئی گھرانہ ہے اور نہ ہی اسے کسی کے گھرانے کی یا کسی کے بچوں کی پرواہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بھارت سے غیر ہندوﺅں کا خاتمہ چاہتا ہے، مودی بھارتی نوٹ پر گاندھی جی کی تصویر ہٹاکر اپنی تصویر لگانا چاہتا ہے، ایسے احمق انسان سے امن کی بات کرنا حماقت ہے۔