وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کی عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا سے ملاقات میں گفتگو

270

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہاہے کہ عالمی بینک پاکستان میں سماجی اور اقتصادی شعبہ کی نمو میں کلیدی کردار ادا کررہاہے، حالیہ سیلاب کے بعد امداد اور بحالی کے کاموں میں ہمیں بین الاقوامی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن رائسر سے ملاقات میں کہی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان عالمی بینک کے ساتھ باہمی اور دوستانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، عالمی بینک کی امداد پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ وفاقی وزیر نے ملک کے لئے سیلاب سے متعلق امداد پر عالمی بینک کا بھی شکریہ ادا کیا اورکہا کہ ہمیں عالمی بینک کی ٹیم کی طرف سے بہت اچھا تعاون حاصل ہے، انہوں نے مون سون کی غیر معمولی بارشوں کے باعث سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور کہا کہ سیلاب سے 70 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھرجبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1600 تک پہنچ گئی ہے،سیلاب سے 600,000خواتین کے متاثرہونے کا امکان ہے جبکہ غذائی قلت اور پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا بھر سے مالی امداد ملنے کے باوجودہمیں اب بھی مزید مدد کی ضرورت ہے کیونکہ بے حد تباہی ہوئی ہے۔ عالمی بینک کے نائب صدر نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا انہوں نے وفاقی وزیر کو عالمی بینک کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ ہم پاکستان کے اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد اورتعاون کرنے کے لئے تیار ہیں۔

نائب صدر عالمی بینک نے تعمیر نو کی طویل مدتی کوششوں کے لئے تعاون فراہم کرنے کا یقین بھی دلایا۔انہوں نے توانائی کے شعبے میں تعاون کی خواہش کا اظہارکیا ۔ وزیر اقتصادی امورنے عالمی بینک کے نائب صدرکو فنڈز کی موثر تقسیم کے بارے میں یقین دہانی کرائی۔ سردار ایاز صادق نے مارٹن ریسر کوغیر ملکی فنڈڈ پراجیکٹس اور اسٹیئرنگ کمیٹی برائے رابطہ کاری کے مسلسل اجلاسوں کی نگرانی اور عمل درآمد کے طریقہ کار کے بارے میں آ گاہ کیا ۔ عالمی بینک نے وزارت کے نگرانی اور عمل درآمد بارے اقدامات کو سراہا اواضافی امدادکایقین دلایا۔