وفاقی وزیر سید فخر امام یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام دو روزہ قومی زرعی نمائش کاآج افتتاح کریں گے

49
ہم زیادہ پیداوار والی فصلوں کی اقسام تیار کرنے میں ناکام رہے ہیں ، زرعی یونیورسٹیوں اور کالجز کا نصاب بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں، مقررین کا ’فوڈ سیکیورٹی فار پاکستان‘ سے خطاب

لاہور۔26فروری (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام یونیورسٹی آف سرگودھا میں منعقدہ ایگریکلچر ل شو2022 کاآج اتوارکو افتتاح کریں گے۔

دوروزہ قومی زرعی نمائش 27 فروری کو یونیورسٹی آف سرگودھا میں منعقد ہو گی جس کا افتتاح وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام کریں گے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق نمائش میں صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی اورسیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی بھی خصوصی شرکت کریں گے۔

ضلع سرگودھا میں اپنی نوعیت کا یہ ایک میگا ایونٹ ہوگا جس میں ہائی ویلیو ایگریکلچر کے درآمد و برآمد کنندگان،کاشتکاروں و دیگر اسٹیک ہولڈرز کی کثیر تعداد شریک ہوگی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کیلئے عالمی سطح پر بڑی منڈیوں تک رسائی کے لئے کوششیں جاری ہیں اوریہ زرعی نمائش ان کاوشوں کا ایک سلسلہ ہے۔

نمائش میں مقامی وملکی زرعی مصنوعات انڈسٹری زرعی مشینری پھل اورسبزیوں کے سٹال لگائے جائیں گے۔ قومی وعلاقائی سیاحت وثقافت کو فروغ دینے کیلئے دستاویزی فلموں کی نمائش کی جائیگی۔

انہوں نے بتایا کہ 27 فروری بروز اتوار رات کو محفل سماع وصوفیانہ کلام بھی منعقد ہو گی جس میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلبہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرینگے۔28 فروری بروز سوموار شام ساڑھے چار بجے اختتامی تقریب منعقد ہو گی جس کیلئے مشیروزیر اعظم برائے تجارت ٹیکسٹا ئل انڈسٹریز وپیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دائودکو مدعو کیاگیا ہے۔

ترجمان نے توقع کا اظہار کیا کہ نمائش سے کسان زمیندار زرعی انڈسٹری سے منسلک صنعت کار اور برآمد کنندگان استفادہ کریں گے۔