وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل سے افغانستان کے وزیر صحت ڈاکٹر قلندر عباد کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

191
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل سے افغانستان کے وزیر صحت ڈاکٹر قلندر عباد کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل سے افغانستان کے وزیر صحت ڈاکٹر قلندر عباد نے پیر کو ملاقات کی۔دونوں وزراء نے صحت کے شعبے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور صحت کے مختلف شعبوں پر ایک دوسرے سے تعاون پر اتفاق کیا ۔

اس موقع پر افغانستان کے وزیر صحت نے عبدالقادر پٹیل کو افغانستان کے دورے کی بھی دعوت دی ۔عبدالقادر پٹیل نے افغانستان اور پاکستان کو پولیو کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے بارڈر پر آمد ورفت کا سلسلہ رہتا ہے ،دونوں ممالک کو مل کر ایک جامع اور مربوط حکمت عملی تشکیل دینا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں ۔افغان وزیر صحت نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے بھر عملی اقدامات کر رہے ہیں ۔ملاقات میں ہسپتالوں میں میڈیکل طبی آلات کی تنصیب اور درپیش چیلنجز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

افغان وزیر صحت قلندر عناد نے کہا کہ افغانستان میں موجود تینوں ہسپتالوں کا 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو ادویات، آلات اور تربیت یافتہ طبی عملے کی شدید ضرورت ہے ۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ تینوں ہسپتالوں کو درپیش چیلنجز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ،پاکستان اس سلسلے میں بھر پور تعاون کرے گا ۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ حکومت پاکستان افغانستان کے ڈاکٹروں کی تربیت اور ڈاکٹروں و طبی عملے کی ضروریات پورا کرنے کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ دونوں وزراء نے پولیو کے خاتمے کیلئے پختہ عزم کا اعادہ کیا ۔