وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے افغان ہم منصب ڈاکٹر قلندر عباد کی ملاقات

وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے افغان ہم منصب ڈاکٹر قلندر عباد کی ملاقات

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے افغان ہم منصب ڈاکٹر قلندر عباد نے ملاقات کی ہے۔

ترجمان قومی وزارت صحت کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق یہ ملاقات گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی سمٹ کے دوران سائیڈ لائن پر ہوئی، ملاقات میں دونوں ممالک نے صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔ اس موقع پر صحت کی بنیادی خدمات فراہم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ پاکستان اور افغانستان نے پولیو وائرس کے خاتمے کیلئے روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے پولیو سے نمٹنے کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا ۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق پولیو کے خاتمے کا عزم شعبہ صحت میں بہتر تعاون کی جانب اہم قدم ہے۔ ملاقات میں طبی پیشہ ورانہ تبادلوں اور تربیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، افغان طلباء کے انرولمنٹ کوٹے کو بڑھانے کی بھی تجویز پر غور کیا گیا۔ ڈاکٹر قلندر عباد نے شعبہ صحت میں مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔