26.6 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے وزیراعلی گلگت بلتستان کی ملاقات،جی بی میں...

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے وزیراعلی گلگت بلتستان کی ملاقات،جی بی میں شاہراہوں سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ملاقات کی، ملاقات میں جی بی میں شاہراہوں سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزارت مواصلات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہاکہ مانسہرہ، کاغان اور ناران کی موٹروے گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے، سیاحت کی ترقی کے لئے گلگت، سکردو اور دیگر مقامات پر فائیو سٹار ہوٹلز بننے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے حوالے سے قدرتی حسن سے مالا مال شمالی علاقہ جات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے ،سیاحت کے فروغ کیلئے ہمیں سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اس امر کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کی تمام شاہراہوں کو1122کی ایمرجنسی سروس سے منسلک کریں گے اور اس کے بعد ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنا پڑی تو اُس سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سیاحت کا فروغ میرا دیرینہ خواب ہے جس کے لئے سڑکوں کی تیزی سے تعمیر ضروری ہے تاکہ گلگت بلتستان کے پرُفضا مقامات پر سیاحت کو جدید طرز پر تشکیل دیا جا سکے۔

- Advertisement -

ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے موٹروے پولیس کی تعیناتی ، گزشتہ سال وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی طرف سے کئے گئے تعاون اور شروع کئے گئے مختلف اقدامات پر اظہار تشکر کیا اور اپنی حکومت کی طرف سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

ملاقات میں طے پایا کہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی ہدایت پر وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے جلد گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے اور وہاں کی حکومت سے اجلاس منعقد کر کے حل طلب امور کو طے کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے خطہ میں مختلف شاہراہوں کی بھی نشاندہی کی جہاں فوری طور پر اقدامات کی ضرورت ہے جس پر وفاقی وزیر مواصلات نے ہدایت کی کہ محکمہ مواصلات کے افسران اپنے دورے کے دوران تمام امور کو خوش اسلوبی سے نمٹائیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583180

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں